کاروار یکم جولائی (ایس او نیوز) کاروار کے بیت کول سے عوام کے لاکھوں روپے غبن کرکے فرار ہونے والا محکمہ ڈاک کا اہلکار لکشمن نائک کے بارے میں خبر ملی ہے کہ پولیس نے اسے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے لئے پہنچا تھا۔
یاد رہے کہ غریب مچھیروں نے جو رقم اپنے پوسٹل کھاتوں میں جمع کرنے کے لئے اس کے پاس دی تھی اس میں خرد برد کرتے ہوئے تقریباً 50لاکھ روپوں کی دھوکہ دہی کرنے کے بعد وہ اچانک فرار ہوگیا تھا۔ اس کی اس حرکت سے مزدور پیشہ اور ماہی گیر مالی طور پر برباد ہوگئے تھے۔پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد اس کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا تھا اور بالآخر وہ پولیس کے شکنجے میں پھنس گیا ہے۔